3 فروری 2015 - 16:54
بنگلادیش میں مسافر بس پر حملہ، سات افراد ہلاک

بنگلا دیش میں ایک مسافر بس پر پٹرول بم کے حملے میں سات افراد ہلاک اورسولہ زخمی ہوگئےہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ خبروں کے مطابق بنگلا دیشی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کی صبح سویرے مشرقی علاقے کومیلّا میں پیش آيا – مقامی حکام کے مطابق بس پر اس وقت حملہ کیا گیا جب اس میں سوار زیادہ تر مسافر سو رہے تھے- حملے میں زخمی ہونے والے مسافروں میں سے گیارہ کی حالت  تشویشناک ہے - واضح رہے کہ بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ اور اپوزیشن بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی لیڈر خالدہ ضیاء کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر سیاسی تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوگيا ہے- خالدہ ضیاء کہ جنہوں نے گذشتہ سال جنوری ميں ہونے والے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا، شیخ حسینہ کی حکومت سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ بنگلا دیش میں گذشتہ ماہ حکومت مخالف مظاہروں کے آغاز کے بعد سے بسوں اور گاڑیوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان مظاہروں کی کال اپوزیشن کی رہنما خالدہ ضیا نے انتخابات کے ایک برس مکمل ہونے پر دی تھی۔ تاہم خالدہ ضیا کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی، اور اس کی اتحادی مذہبی جماعتوں کا  اس حملے میں کوئي ہاتھ نہيں ہے -  بنگلہ دیش میں پولیس نے مظاہروں کے آغاز کے بعد سے اب تک اپوزیشن کے سات ہزار حامیوں کو گرفتار کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲